بغداد11فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عراق کے دارالحکومت بغداد میں شیعہ بیان شیعہ رہ نما مقتدیٰ الصدر کے حامیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں ایک سکیورٹی افسر ہلاک اور سات اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس نے صدری تحریک کے مظاہرے میں شریک افراد کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کے گولے پھینکے ہیں۔صدری تحریک کے ہزاروں کارکنان اور حامیوں نے ہفتے کے روز دارالحکومت بغدادکے انتہائی سکیورٹی والے علاقے گرین زون کی جانب مارچ کیا اور اس کے گھیراو کی کوشش کی ہے۔مظاہرین حکومت سے آیندہ ستمبر میں ہونے والے صوبائی انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات کا مطالبہ کررہے تھے۔ واضح رہے کہ مقتدیٰ الصدرکے حامی گذشتہ سال بھی قلعہ نما گرین زون کی جانب اپنے مطالبات منوانے کے لیے دو مرتبہ دھاوا بول چکے ہیں اورانھوں نے پارلیمان کا بھی گھیراو کیا تھا لیکن وزیراعظم حیدر العبادی ان کے تمام مطالبات کو پورا کرنے میں ناکام رہے ہیں۔